پولیس اورعوام کے مابین مضبوط روابط کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ایس ایس پی جعفرآباد

ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) ایس ایس پی جعفرآباد فریال فرید نے کہا ہے کہ دور حاضر میں میڈیا کی اہمیت سے کسی صورت انکار نہیں، پولیس اور عوام کے مابین مضبوط روابط کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مسائل کو اجاگر کرنے سے انکا بہتر حل نکل سکتا ہے، میڈیا اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ پریس کلب جعفرآباد کے صدر و سینئر صحافی دھنی بخش مگسی کی قیادت میں پریس کلب کے عہدیداران و ممبران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس اور میڈیا کے باہمی تعاون اور مضبوط روابط سے ہی معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا، پولیس قیام امن کے لیے اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، کسی بھی مجرم کو رعایت نہیں ملے گی، عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، ریاستی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائیگا، ایس ایس پی فریال فرید کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایس پی دفتر کے دروازے سائلین کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے، عوام بلا جھجھک اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کریں انکے حل کے لیے فوری اور بھرپور اقدامات اٹھائیں گے، پولیس کو دور حاضر کے تقاضوں سے روشناس کروانے کے ساتھ اسلحہ و ایمونیشن، گاڑیوں اور دیگر ضروری ساز و سامان کی فراہمی بھی اولین ترجیحات میں شامل ہیں تاکہ کرائم پر قابو پانے کے لئے پولیس اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے، خاتون ایس ایس پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضلع جعفرآباد میں خواتین کے مسائل بھی بہت ہیں، میری خواہش ہے کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل میں کردار ادا کرتے ہوئے انکو سہولیات فراہم کروں، تاکہ خواتین میں پائی جانے والی احساس محرومی اور عدم تحفظ کا احساس ختم ہوسکے، خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں انکے بغیر معاشرہ نا مکمل ہے، ملاقات کے دوران صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب و سینئر صحافی دھنی بخش مگسی نے ایس ایس پی کو پریس کلب کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ جعفرآباد کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کی ہے اور حقیقی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو انکے حل کے لیے موثر تجاویز بھی پیش کیے ہیں، پولیس کے ساتھ بھی میڈیا نمائندگان کے خوشگوار تعلقات ہیں، پولیس اور میڈیا کے مابین خلیج آنے نہیں دیا جائیگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے