سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کا پنجرہ پل، کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس پر جا ری تعمیراتی کام کا معائنہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری مواصلات و چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایات پر بلوچستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر ویسٹ زون شاہد احسان اللہ نے انہیں بریفنگ دی جبکہ دوسرے اعلیٰ افسران بھی ہمراہ تھے۔سیکرٹری مواصلات نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں (پی ایس ڈی پی) پر دی گئی گزشتہ ہدایات کے مطابق کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے پنجرہ پل، کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس،خضدار، کچلاک شاہراہ نیز ژوب، کچلاک شاہراہ کو دوہرا کرنے جیسے منصوبوں کی رپورٹ دیکھنے کے بعد وہاں جاکرتعمیراتی کام کا معائنہ بھی کیا۔ کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس کے دورے کے دوران انہوں نے شاہراتی تعمیر کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے تیز رفتاری سے منصوبہ مکمل کرنے کی کوششوں پر این ایچ اے کے عہدیداران اور کنٹریکٹر کو سراہا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ 30 نومبر تک بائی پاس منصوبے کو یقینی مکمل کرنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو بڑھانے کی منظوری بھی دی۔انہو ں نے این ایچ اے کے دیگر اعلی حکام کے ہمراہ سیلاب سے ٹوٹنے والے پنجرہ پل کی تعمیر نو کا جائزہ لینے کے لئے این۔ 65 کا دورہ بھی کیا اور پُل کو 4ماہ کی مقررہ مدت تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی موجودہ وسائل میں اپنے روڈ نیٹ ورک کو عالمی معیار کے مطابق تعمیر کرنے اور ہر قسم کے حالات میں ٹریفک کے لئے بحال رکھنے کے لئے ہر وقت کوشاں ہے۔