پاکستان پیپلز پارٹی کسان، مزدور، متوسط سمیت تمام طبقات کی نمائندہ جماعت ہے، سید حسنین ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی اور صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسان، مزدور، متوسط سمیت تمام طبقات کی نمائندہ جماعت ہے، صوبے میں حکومت بنی تو پارٹی حقدار کو حق اور عوام کو ریلیف فراہم کریگی، بلوچستان کے نوجوان میں موجود صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے انہیں اعلیٰ و تکینکی تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر صوبے کے ہر ڈویژن میں یونیورسٹی اور ہنر مندی کی تعلیم کے ادارے،ہسپتال، کھیلوں کے میدان تعمیر کریگی۔یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں حلقہ بی پی 29 سی جی ایس کالونی میں سید حسنین ہاشمی کی قیادت اور ملک خدا بخش لہڑی کی سربراہی میں گرینڈ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے قاسم خان اچکزئی، ملک خدابخش لہڑی، ذوہیب محمد حسنی، ایمل کاسی، طیب بلوچ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قوم پرست جماعتوں نے مختلف نعروں کے ذریعے ورغلایا اور انہیں استعمال کر کے اپنے لئے مراعات حاصل کیں آج صوبے کے عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ عوام کا دکھ درد رکھنے والی جماعت صرف پیپلز پارٹی ہے جس کے دور حکومت میں ہزاروں بے روزگاروں کو روزگار ملا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے کفالت ملی، این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم سے صوبے کو حقوق ملے جبکہ دیگر جماعتوں نے اپنے دور میں نوکریاں تک فروخت کرکے صوبے کے نوجوانوں کے احساس محرومی میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ میر چنگیز جمالی اور صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے جامعات، تیکنیکی تعلیم کے ادارے بنانے کی اشد ضرورت ہے پیپلز پارٹی صوبے کے تمام ڈویژنز میں جامعات قائم کر کے پرائمری سے یونیورسٹی تک تعلیم کے مفت مواقع فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر اور سیٹلائٹ ٹاؤن منی لاڑکانہ بن چکے ہیں شہر اور صوبے کے دیگر بڑے اضلاع میں ایسے ہسپتال قائم کریں گے جہاں عوام کا معیاری علاج مفت کیا جائے نوجوان بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے مشن کو آگے بڑھائیں تاکہ پارٹی اقتدار میں آکر انکے مسائل کو حل کرے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حقدار کو حق اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے گی عوام نے ساتھ دیا تو جیالہ وزیراعلیٰ ہوگا۔