غیر ملکی کرنسی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، چوہدری نعیم کریم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے آرمی چیف کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں، مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں اور غیر ملکی کرنسی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو پارٹی کے رابطہ آفس میں آئے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے ساتھیوں سے بات کرتے ہوئے کہی جن میں محمد سحر اعوان، شبیر غوری، اشرف جاوید کْرد، شوکت یوسفزئی، شیخ عامر،اعظم جدوں، مسلم وقاص، عبدالسلام، لیاقت راجپوت، شفیق احمد، نثار راجپوت، یاسین، یامیں ریحان، حبیب کْرد اور دیگر شامل تھے۔ چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات، چینی،آٹا،اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غریب عوام دووقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں مہنگائی کے ہاتھوں غریب اورلاچارعوام بچوں سمیت خود کشیاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندزوں نے اشیاء خوردونوش ذخیرہ کرکے انکی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کردیاجسکی وجہ سے سفید پوش طبقہ بری طرح متاثر ہوا۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے اشیاء خوردونوش کی ذخیرہ اندوزوی، اسمگلنگ اور غیر ملکی کرنسی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات کے بعد اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں واضح کمی آنا شروع ہوگئی ہے اور ڈالرسمیت غیر ملکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدرمیں بہتری آئی ہے جس سے غریب اور پسے ہوئے عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ،فاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اورغریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اور موثر اقدامات اٹھائیں۔