غریب عوام کی بجلی منقطع کرنے کی بجائے سیاستدانوں اور بیورو کریسی کی کرپشن اور بدعنوانی کی لائن کاٹی جائے، لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہاہے کہ غریب عوام کی بجلی منقطع کرنے کی بجائے سیاستدانوں اور بیورو کریسی کی کرپشن اور بدعنوانی کی لائن کاٹی جائے،مہنگائی اوربے روزگاری نے عوام کو دو وقت کی روٹی کامحتاج کردیاہے مہنگائی کے باعث عوام اپنے بچوں سمیت خود کشیاں کررہے ہیں نگران وفاقی اور صوبائی حکومتیں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہاکہ کرپٹ،بدعنوان سیاستدانوں اوربیورو کریسی نے پاکستان کو عملی طور پر آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیاہے آئی ایم ایف کے کہنے پر گیس،بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا جارہا ہے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب عوام بل جمع کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں گیس اوربجلی چوری میں اضافہ ہورہا ہے حکمران غریب عوام کی بجلی اور گیس کاٹنے کی بجائے کرپٹ اور بدعنوان سیاستدانوں اور کرپٹ،کرپشن خوربیورو کریسی کی سپلائی لائن کو کاٹیں اور انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں اوران سے لوٹی گئی رقم واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے غریب عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں اور بھوک کے ہاتھوں لوگ اپنے بچوں سمیت خود کشیاں کررہے ہیں حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے اے سی کمروں میں بیٹھ کر سب ٹھیک کالاگ الاپ رہے ہیں۔لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے فوری عملی اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر اگر عوام سڑکوں پرنکل آئے تو غریب عوام کے ہاتھ اور حکمرانوں کے گریبان ہونگے اور انہیں بچانے والاکوئی نہیں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے