صوبے بھرمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے بجلی چوروں کیخلاف کاروائیوں میں37 افراد گرفتار

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)حکومت پاکستان اور وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی ہدایت پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صوبہ بھرمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے مختلف آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔اور اب تک صوبہ کے تمام علاقوں میں 387 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیئے متعلقہ پولیس اسٹیشنزکو درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں تاکہ ان کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اسی طرح گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر میں کرانی روڈ، سبزل روڈ،ہزار گنجی، مشرقی بائی پاس روڈ، نواکلی بائی پاس، خروٹ آباد، مری آباد، حاجی غیبی روڈ، بلوچی اسٹریٹ اور کاسی روڈ میں بھی کاروائی عمل لائی گئی۔ اس دوران غیر قانونی کنکشنز منقطع کر کے37 افراد گرفتار کر کے انکے برقی آلات بھی قبضے میں لیئے گئے جن میں سے 35 چوروں کیخلاف ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہے۔علاوہ ازیں کاروائی میں مختلف کمرشل پلازوں اور گھریلو کنکشنزکے میٹربھی چیک کیئے گئے اور کوئٹہ کمرشل سنٹر میں ایک دکان، پشتون آبادمیں ایک دکان جبکہ شہر کے دوپٹرول پمپ کو بھی بجلی چوری پر سیل کیئے گئے۔اور نادہندگان کے کنکشنز بھی منقطع کیئے جا رہے ہیں۔خضدار، سبی،مکران،پشین اور لارلائی میں بھی کاروائی کے دوران288 نادہندگان کے کنکشنز منقطع کر دیئے گئے اسکے علاوہ نادہندگان سے 10 کروڑ روپے سے زائد بھی وصولی کی گئیں۔واضح رہے حکومت پاکستان کی ہدایات پر کیسکوکی ٹیمیں صوبہ کے مختلف سرکلز میں نادہندگان اوربجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کررہی ہے لہٰذا کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی اورخود ساختہ برقی کنکشنز اور ڈائریکٹ کنڈے فوری طورپر ہٹادیں بصورت دیگر اُنکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی نیز تمام صارفین اپنے اردگرد بجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکاساتھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے