جمہوری نظام میں خواتین کی متحرک شمولیت کے بغیر انتخابات میں بہتر نتائج لانا آسان نہیں، غزالہ گولہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ اور جنرل سیکرٹری زرینہ زہری نے کہا ہے کہ جمہوری نظام میں خواتین کی متحرک شمولیت کے بغیر انتخابات میں بہتر نتائج لانا آسان نہیں خواتین ملک بھر میں عام انتخابات کے حوالے سے اپنے مثبت کردار کو ادا کریں آنے والادورانشاء اللہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہی ہے خواتین چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والی خواتین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بروقت انتخابات کاانعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے انتخابات میں بلاجواز تاخیر عوام کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے پاکستان پیپلزپارٹی آئین کے مطابق بروقت صاف،شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کی حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد 90روز میں انتخابات کاانعقاد ضروری ہے انتخابات میں تاخیر آئین سے غداری کے مترادف ہے جو کسی بھی طرح ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیار ہے جس طرح بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی نے بھر پور کامیابی حاصل کی اسی طرح عام انتخابات میں بھی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔انہوں نے کہاکہ خواتین پاکستان کی آبادی کا نصف حصہ ہے خواتین انتخابات میں اہم کردارادا کرسکتی ہیں خواتین کو چاہئے کہ وہ عام انتخابات میں گھروں سے باہر نکل کر زیادہ سے زیادہ ووٹ کاسٹ کریں اورایسے نمائندوں کاانتخاب کریں جو پارلیمنٹ میں جاکراپنے بینک بیلنس کی بجائے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکیں پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد سیاسی وجمہوری جماعت ہے جو بلارنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے