منفی پروپیگنڈوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، میر علی حسن زہری

حب (ڈیلی گرین گوادر) حب و لسبیلہ کی ہر دلعزیز شخصیت میر علی حسن زہری کیخلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور جھوٹی خبروں کی گردش کے ردعمل پر عوامی حلقوں اور پی پی پی کے مقامی اور مرکزی رہنماؤں اور ورکروں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے میر علی حسن زہری کے خلاف چند شرپسند اور شکست خوردہ عناصرکی جانب سے سوشل میڈیا پر جان بوجھ کر اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کردار کشی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ میر علی حسن زہری کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ میر علی حسن زہری نے ضلع حب کو پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کا مضبوط ترین قلعہ بنا دیا ہے اور یہاں کے نام نہاد نمائندے میر علی حسن زہری کی دن بدن بڑھتی مقبولیت سے گھبرا کر جھوٹ اور منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔سوشل میڈیا پر منفی اور گھٹیا خبروں کی تشہیر کا مقصد صرف اور صرف میر علی حسن زہری کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے لیکن شر پسند عناصر کی یہ کوشش رائیگاں جائے گی کیونکہ عوام میر علی حسن زہری سے محبت کرتے ہیں اور ان پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔مخالفین اپنی بچی کھچی سیاست کو بچانے کے لئے اس طرح کی منفی حرکتیں کر رہے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ سیاسی میدان میں وہ میر علی حسن زہری کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ میر علی حسن زہری ایک عزت دار اور کاروباری شخصیت ہیں اور غریبوں اور لاچاروں کے مسیحا کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ میر علی حسن زہری نے ہمیشہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کی ہے اور یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق ان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میر علی حسن زہری کا کہنا تھا کہ جس طرح ناکام عناصر منفی سیاست کر رہے ہیں وہ سب جانتے ہیں کہ یہ سب جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈہ ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کے رہنماؤں کے لئے یہ کوئی نئی بات نہیں۔ پہلے بھی ایسے منفی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی ایسے شکست خوردہ عناصر کی جانب سے ایسے منفی پروپیگنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ عوام باشعور ہو چکے ہیں اور کسی بھی پروپیگنڈے پر دھیان نہیں دیں گے۔ ہماری سیاست کا مقصد صرف اور صرف ہمارے عوام کی خدمت اور انہیں سہولیات کی فراہمی ہے جنہیں کئی دہائیوں سے نظر انداز کیا گیا ہے اور یہی وہ شرپسند عناصر ہیں جنہیں پاکستان پیپلز پارٹی اورہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اور اس طرح کی سازشیں کر رہے ہیں جس کے لئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی عمر زیادہ نہیں ہوتی اور شرپسند عناصر کی منفی اور گھٹیا سیاست خود بخود اپنی موت آپ مر جائے گی۔ جیت ہمیشہ حق و سچ کی ہوتی ہے اور ہم حق پر ہیں اور آئندہ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب سمیت صوبہ اور ملک بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے