کوئٹہ سمیت تمام علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈآپریشن شروع کردیاگیاہے، نعمان خان ناصر

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) حکومت پاکستان اور وفاقی وزیر برائے توانائی کی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے زیر انتظام تمام علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈآپریشن شروع کردیاگیاہے ان خیالات کااظہارکیسکوبورڈآف ڈائریکٹرکے کنونیئر برائے ریکوری کمیٹی نعمان خان ناصر نے منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین بورڈآف ڈائریکٹرز انجینئر عبدالوہاب مگسی، چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی اور دیگربور ڈممبران کے علاوہ کیسکوکے چیف انجینئرزاور تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایگزیکٹوانجینئر اور سب ڈویژنل افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر کنونیئر برائے ریکوری کمیٹی نعمان خان ناصرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام متعلقہ افسران اپنے علاقوں کے فیڈروں کے لاسز کے حساب سے لسٹ مرتب کریں جس میں نادہندگان کے فہرست کو بھی شامل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ تمام آپریشن سرکلز روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔نعمان خان ناصرنے کہاکہ کمرشل پلازوں کے برقی لوڈکو بھی چیک کیاجائے اور تمام فیڈروں کی کومبنگ کرکے بجلی چوری کاخاتمہ کریں۔اجلاس سے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کاآغاز کردیاگیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے تمام فیلڈفارمیشنزافسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کے بجلی میٹرزکی چیکنگ کے ساتھ ساتھ کیسکوافسران و ملازمین کے گھروں اور کالونیوں میں نصب میٹروں کو بھی بلاتفریق چیک کئے جائیں اور بجلی چوری میں ملوث تمام افرادکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں سرپرائز دورہ بھی کئے جائیں گے۔کیسکوچیف نے کہاکہ مختلف آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اورغیر قانونی کنکشنزکے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کیاجائے اور صوبہ کے تمام آپریشن سرکلزمیں کیسکوکی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے ڈائریکٹ کنکشنز اورغیر قانونی ٹرانسفارمرز ہٹانے کے لئے بلاتفریق آپریشن یقینی بنائیں اور بجلی چوری میں ملوث صارفین کے کنکشنز منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے برقی آلات بھی اُتار کر قبضہ میں لئے جائیں۔ اجلاس سے چیئرمین بورڈآف ڈائریکٹرزکیسکوانجینئر عبدالوہاب مگسی نے کہاکہ ہنگامی بنیادوں پر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کو تیز کیاجائے اورغیر قانونی برقی آلات، ڈائریکٹ کنڈے وغیرہ فوری طورپر ہٹادیں تاکہ بجلی چوری کو روکاجاسکے۔انہوں نے مزید کہاکہ تمام صافین اپنے اردگرد بجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکاساتھ دیں،اس کے علاوہ تمام نادہندہ صارفین کو بجلی بلوں کی ادائیگی کے سلسلے میں نوٹسزبھی جاری کردئیے جائیں۔قبل ازیں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز اور ایکسئن نے اپنے متعلقہ سرکل اور ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا اور اجلاس میں بجلی چوری کے خاتمہ اور لاسز کم کرنے کے علاوہ ریکوری بڑھانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے