کمشنرکوئٹہ ڈویژن نے سریاب روڈ، سبزل روڈ، ریڈیو پاکستان روڈ کے منصوبوں کو دو ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ڈیڈ لائن مقررکردی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے سریاب روڈ، سبزل روڈ،انسکمب روڈ لنک بادنی روڈ اور لنک ریڈیو پاکستان روڈ کے منصوبوں کو دو ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ڈیڈ لائن مقررکردی ہے۔یہ فیصلہ انہوں نے کوئٹہ شہر میں جاری سڑکوں کی توسیعی اور تعمیرومرمت کے منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے سائٹس کادورہ کرنے کے موقع پر کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں اور احکام کو منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز اور درپیش مشکلات کے حل کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ اور سبزل روڈ اور دیگر سڑکوں کے توسیعی منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان منصوبوں کی بروقت اور معیار کے مطابق تکمیل سے جہاں کوئٹہ کے شہریوں کے ٹریفک سے متعلقہ مسائل حل ہوں گے وہی دوسری جانب کوئٹہ ایک جدید اور خوبصورت شہر نظر آئے گا انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کے متبادل انتظام اور شہریوں کی سہولت کے لئے دھوں مٹی پر بروقت پانی چھڑکاکیاجائے۔ منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور اشتراک سے اقدامات اٹھاتے ہوئے منصوبوں پر حامل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام سڑکیں ہماری ضرورت ہیں ان کی تعمیر سے شہر میں موصلاتی رابطے بہتراور شہرکی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام بلا تعطل جاری رکھنے کے لئے مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کیا جائے گا جبکہ حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں پر کام کی رفتار سست روی کا شکار ہے انہیں جلد از جلد تیز کر کے مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے اخر میں کہا کہ منصوبوں کی مانیٹرنگ کی وجہ سے تمام منصوبے تکمیل کی جانب گامزن ہوں گے اور درپیش رکاوٹیں بھی جلد حل کئے جا سکتے ہیں۔