کریک ڈاؤن کے اثرات، چینی کی قیمت کم ہوگئی

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم کی ہدایات پرچینی اسمگلنگ کےخلاف کریک ڈاؤن کے اثرات بھی سامنے آنا شروع ہوگئے، لاہورکی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں چار روپے کمی آگئی، فی کلو قیمت 172 روپے ہوگئی لاہور کی اوپن مارکیٹ میں180 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ پشاور کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں10 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کراچی میں بھی چینی 10روپے فی کلو سستی ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ملک بھر میں چینی کا بحران سنگین تر ہو گیا تھا ۔وزارت خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو اس بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ پورے ملک میں چینی کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی تھیں مارکیٹ اعدادوشمار کے مطابق کوئٹہ میں چینی 230روپےکلو، پشاورمیں 200 روپے، ملتان اورساہیوال میں 190روپے جبکہ حیدرآبادمیں چینی 185روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی تھی۔

ملتان میں گذشتہ تین روز میں چینی کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت جلد از جلد چینی کی قیمت کو کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف دے وزارت خزانہ کے حکام کہناہے کہ رواں سال چینی کی 73 لاکھ ٹن پیداوار ہوئی جبکہ گذشتہ سال کے 9 لاکھ ٹن ذخائر بھی موجود تھے۔ اس وقت بھی ملک میں 22 لاکھ ٹن چینی کے ذخائر دستیاب ہیں جو نومبر میں کرشنگ سیزن کے آغاز تک کافی ہیں۔

ذخیرہ اندوزوں اور سٹہ بازوں کی طرف سے چینی کی درآمد کا مطالبہ صرف قیمت میں مزید اضافے کیلئے کیاجا رہا ہے ۔ وزارت خزانہ ذرائع کا کہناہے کہ پنجاب اور سندھ کی نگران حکومتوں کو کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے