ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
لاہور (ڈیلی گرین گوادر) ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیف اور افواجِ پاکستان نے یومِ دفاع پر شہدا اور ان کے لواحقین کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع وشہدا پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنگ ستمبر حب الوطنی و قربانی کی علامت کے طور پر یادگار حیثیت رکھتی ہے، وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کیخلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، افواج پاکستان اور قوم نے 1965ء میں بے مثال جذبے اور جرات کا مظاہرہ کیا، دہشتگردی اورانتہاپسندی کے خلاف بھی اسی جذبے کا مظاہرہ کیا گیا، 1965ء کی جنگ میں ہماری کامیابیاں مسلح افواج کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یوم دفاع و شہدا پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ میں قومی عظمت، سالمیت اور خودمختاری کی علامت ہے، 6 ستمبر ملک سے وفاداری اور قومی خدمت کے عہد کی تجدید کا دن ہے، آج ملکی سلامتی کیلئے جام شہادت نوش کرنے والے بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پوری قوم شہداء اورغازیوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں ہونے دے گی، پاکستان کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور بیرونی جارحیت جیسے بے شمار سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کی سالمیت اور ترقی کیخلاف عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم اپنی بہادرافواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا عالمی امن بالخصوص اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی فوج کی خدمات کی معترف ہے، ہم امن کو اپنی خارجہ پالیسی کی علامت سمجھتے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازعہ خطے کے امن و سلامتی کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے، عالمی برادری کو آگے بڑھ کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا یوم دفاع و شہداء پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ 6 ستمبر 1965ء کو حق و باطل کے معرکے نے ثابت کیا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کر نے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس روز مادرِ وطن کے ہزاروں بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے پاک سرزمین کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج پوری قوم اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ہم بطور قوم تمام شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں اور پاکستان کونقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انشاء اللہ۔