725 ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کے باوجود بلوچستان ترقی سے محروم اور تباہ حال رہا، نیشنل پارٹی کوئٹہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نیشنل پارٹی کوئٹہ کے زیر اہتمام کلی حق آباد برما ہوٹل میں یونٹ سازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یونٹ سیکریٹری شعیب احمد جبکہ ڈپٹی یونٹ سیکریٹری ٹکری سرور منتخب ہوئے۔ یونٹ سازی کی تقریب سے نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر و رکن مرکزی کمیٹی حاجی عطا محمد بنگلزئی، صوبائی سوشل میڈیا سیکریٹری سعد دہوار، تحصیل پی بی 43 کے صدر حاجی بابل بنگلزئی، تحصیل جنرل سیکریٹری عارف کرد، میر اسرار قمبرانی، آصف بلوچ، عطا محمد بنگلزئی، قمر الدین بنگلزئی، حافظ محمد شیر دل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی کا گزر بسر مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحران کا شکار ہوچکا ہے جس کا سب سے زیادہ نقصان بلوچستان کے غریب عوام کو ہورہا ہے۔ تاہم دوسری جانب ہمیشہ کی طرح مختلف سیاسی جماعتوں نے الیکشن سے قبل کوئٹہ اور سریاب کے عوام اور علاقے کی ترقی کے حوالے سے بڑے بڑے وعدے کیئے جو ادھورے کے ادھورے رہ گئے باوجود اسکے کہ گزشتہ 5 سالوں میں پورے صوبے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیئے 725 ارب روپے سے زائد رقم مختص کیئے گئے جن کا زمین پر نام و نشان تک نہیں مل رہا، عام عوام کا ان سیاسی جماعتوں اور نمائندوں سے اعتبار اٹھ چکا ہے عوام اس مہنگائی میں اپنے بنیادی حقوق سے محروم اور افراتفری کا شکار ہوئے ہیں تاہم نیشنل پارٹی کی موثر موبلائزیشن نے عوام میں ایک نئی امید پیدا کی ہے۔ نیشنل پارٹی نے ماضی میں عملی طور پر اپنے مختصر ڈھائی سالہ دور حکومت میں امن و امان، میرٹ کی بحالی و گڈ گورننس سمیت تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی اور بلوچستان کے ساحل وسائل کا محافظ رہا۔ کوئٹہ سے کوئی منتخب نمائندہ نا ہونے کے باجود سریاب میں بہترین ماڈل کا نواب غوث بخش رئیسانی گرلز ہائی سکول سمیت دیگر 84 سکولوں اور 33 آبنوشی کے اسکیموں کے ساتھ پورے سریاب میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جس سے لوگوں کو کسی حد تک بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انکے تکالیف ضرور کم ہوئے تاہم ہمارے مختصر حکومت کے خاتمے کے بعد کوئٹہ سمیت سریاب میں عوام کی روزمرہ کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہیں، گزشتہ 5 سالوں میں پورے شہر کی طرح حق آباد برما ہوٹل پر بھی خاطر خواہ توجہ نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے آج بھی علاقہ مکین بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ عام عوام ان سیاسی جماعتوں اور اپنے حلقے کے نمائندوں کا احتساب کریں کہ اتنی بڑی اور خطیر رقم کا استعمال کہاں ہوا۔عوام کی نظریں اس وقت نیشنل پارٹی پر مرکوز ہے آج پورے بلوچستان میں تمام مکتبہ فکر کے لوگ نیشنل پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہے کوئٹہ بلخصوص سریاب سمیت پورے بلوچستان کے اضلاع میں لوگ جھوک در جھوک نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں نیشنل پارٹی کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں ایک منظم قومی سیاسی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئیگی اور انشااللہ آنے والا دور بھی نیشنل پارٹی کا ہوگا۔ یونٹ سازی تقریب کے الیکشن کمیٹی کے فرائض حاجی بابل بنگلزئی، سعد دہوار اور میر اسرار قمبرانی نے ادا کیئے جس کے مطابق دیگر نومنتخب عہدیداروں میں تحصیل کونسلر ملک قاسم جبکہ ممبران مشاورتی کونسل میں حافظ شیر دل، مجیب الرحمن، اور عرفان شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے