بلوچ اور پشتون قوم کے معتبرین کو ملکرصوبے میں نفرتوں اورقبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے کام کرنا ہوگا،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی اور قبائلی رہنما نواب ظفراللہ شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچ اور پشتون قوم کے معتبرین کو ملکرصوبے میں نفرتوں اورقبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے کام کرنا ہوگا جب تک صوبے میں امن قائم نہیں ہوگا بلوچستان ترقی نہیں کرسکتا قبائلی دشمنیوں کی وجہ سے جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب ہونی چاہئے تھی وہ کلاشنکوف اٹھائے ہوئے ہیں۔یہ بات انہوں نے اتوارکو اخترآباد میں قبائلی معتبرین اورنوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو 75سالوں سے قوم اور مذہب پرستوں نے ورغلا کر ووٹ حاصل کئے اوراقتدار میں آکر عوام کی خدمت کی بجائے اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیاصوبے کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی تعلیم،صحت، پینے کے صاف پانی،روڈسمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں کوئٹہ بلوچستان کا دارالخلافہ ہونے کے باوجود کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے گزشتہ پانچ سال کے دوران صوبے کی ترقی کیلئے 700ارب روپے کے فنڈز آئے جو صوبے کی ترقی پر خرچ ہونے کی بجائے خوردبرد اور کرپشن کی نظر ہوگئے اب عام انتخابات کے موقع پر قوم اور مذہب پرست جماعتوں کے امیدوار ایک دفعہ پھر عوام کو خوشنما نعروں سے ورغلانے کی کوشش کریں گے لیکن عوام ایسے امیدواروں کو ووٹ نہ دیں جنہوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی بلکہ ایسے پڑھے لکھے نوجوانوں کا انتخاب کریں جو پارلیمنٹ میں جاکر اپنے ذاتی مفادات کی بجائے عوام کے مفادات کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نفرتوں اورقبائلی دشمنوں نے بلوچستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے ہمیں اپنی قبائلی دشمنیوں اور نفرتوں کو اپنی پشتون اور بلوچ قومی روایات کے مطابق مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا جب تک ہم صوبے سے نفرتوں اور دشمنیو ں کا خاتمہ نہیں کریں گے صوبہ ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ قبائلی دشمنوں کے خاتمے کیلئے گزشتہ کئی سال سے کوششوں میں مصروف ہے اورابتک درجنوں قبائلی دشمنوں کا تفصیہ کرکے قبائل کو آپس میں شیروشکر کردیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زوردیا کہ کلاشنکوف اٹھانے کی بجائے اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں کیونکہ کل پڑھ لکھ کر آپ نوجوانوں نے ہی ملک اور صوبے کی باگ ڈورسنبھالنی ہے اگر اب بھی ہم نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی بھی معاف نہیں کریں گی۔