بنوں، فوجی قافلے پر خود کش حملہ، نائب صوبیدار سمیت 9 جوان شہید
بنوں(ڈیلی گرین گوادر) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فوجی قافلے پر خود کش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بنوں کے علاقے جانی خیل میں موٹر سائیکل سوار نے فوجی قافلے کے نزدیک خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار صنوبر علی بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے نتیجے میں 5 جوان زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انوارالحق کاکڑ نے شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔