سائفر کیس،شاہ محمود کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد نے سائفر کیس میں ایف آئی اے کی وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے سابق وزیر خارجہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی۔ دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر شاہ محمود قریشی کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا شاہ محمود قریشی نے خصوصی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کر دی جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو 2 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔
دوسری جانب آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اٹک جیل میں قائم خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم عمران کو عدالت کے سامنے لایا گیا اور حاضری لگائی گئی۔
چئیرمین پی ٹی آئی کے وکلا اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر ٹیم بھی سماعت کے دوران موجود رہی۔ پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی جسے خصوصی عدالت نے مسترد کر دیا۔ خصوصی عدالت نے چئیرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔