بلوچستان کی نگراں کابینہ میں مزید چھ وزراء شامل، نئے وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا قلمدان بھی تفویض

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کی نگراں کابینہ میں مزید چھ وزراء شامل، نئے ورزاء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا محکموں کے قلمدان بھی تفویض کردئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی نگراں کابینہ کے دوسرے مرحلے میں چھ وزراء کی تقریب حلف برداری بدھ کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سینئر قانون دان امان اللہ کنرانی، نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی،محمود الحسن مندوخیل، ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی، سردار اعجاز جعفر،آصف الرحمن سے گورنر بلوچستان نے حلف وفاداری لیا۔حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی، نگراں وزراء و مشیران پرنس احمد علی،امجد رشید، میر زبیر جمالی، میر عمیر محمد حسنی، میر دانش لانگو، سابق سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، روزی خان کاکڑ، سابق وزراء میر عاطف سنجرانی، میر ظہور بلیدی، میر سلیم کھوسہ، زرک خان مندوخیل، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ سمیت سیکرٹیز، سیاسی و قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ نئے وزراء کی شمولیت کے بعد نگراں کابینہ کے اراکین کی تعداد 14ہوگئی ہے۔دریں اثناء حلف لینے والے نگراں صوبائی وزراء کو محکموں کے قلمدان تفویض کردئیے گئے۔محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نگراں وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ڈاکٹر امیر محمدخان جوگیزئی کو محکمہ صحت، امان اللہ کنرانی کو محکمہ قانون پارلیمانی امور اور پراسیکیوشن،نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کو محکمہ کھیل امور نوجوانان اور ثقافت،شیخ محمود الحسن مندوخیل کو محکمہ بلدیات و دیہی ترقی،سردار اعجاز خان جعفر کو محکمہ پی ایچ ای و بہبود آبادی جبکہ آصف الرحمان کو بین الصوبائی رابطہ کا قلمد ان تفویض کردیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے