سیندک اور ریکوڈ ک کے وسائل کا استعمال تو کیا جارہا ہے مگر ملک کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ رہا، روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک کو بچانے اور چلانے کے لئے عام انتخابات آئین کے مطابق مقررہ وقت پر ہونے چاہیئں، مردم شماری کے نتائج میں بلوچستان کی 70لاکھ آبادی کم کر کے 8قومی اسمبلی کی نشستیں کاٹی گئیں جس پر کسی بھی سیاسی جماعت نے بات نہیں کی، کارکن عام اور کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کریں، پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر عوام اور کارکنوں کے مسائل حل کریگی۔یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، سردار فتح محمد محمد حسنی نے بدھ کو کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حاجی خان محمد بڑیچ، ربانی خلجی، سردار عمران بنگلزئی، قاسم اچکزئی، سردار شکیل دہوار، شاہ جہاں گجر، اختر بلوچ، اختر مندوخیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ نظریاتی کارکن ہمیشہ سے پارٹی کا اثاثہ رہے ہیں جنہوں نے ہر دور میں پارٹی کے لئے کام کیا آج نظریاتی اور پاور پالیٹیکس کی سیاست کے درمیان مقابلہ ہے اقتدار کی سیاست کرنے والے چاہتے ہیں ملک میں انتخابات نہ ہوں اور نگراں سیٹ اپ ہی چلتا رہے لیکن ملک کو بچانے اور چلانے کے لئے آئین کے تحت 90روز میں غیر جانبدانہ انتخابات کروائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانچ سال کے دوران 725ارب روپے خرچ ہوئے مگر ایک سال سے پنجرہ پل تعمیر نہیں ہورہا صوبے کی سڑکوں سمیت مجموعی حالت ابتر ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا کل اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت میں نہ ہوتے ہوئے بھی صوبے میں کام کیا اور پارٹی کو مضبوط اور مستحکم بنایا ہے بلوچستان میں مردم شماری میں 20فیصد آبادی کی گنتی نہیں ہوئی جبکہ نتائج میں 70لاکھ کی آبادی اور 8قومی اسمبلی کی نشستیں کاٹ دی گئی ہیں اس اہم ترین مسئلے پر خود کو صوبے کی نمائندہ جماعتیں کہنے والی جماعتوں سمیت کسی نے بھی بات نہیں کی اگر وہ اس پر بات نہیں کر سکتے تو پھر آئندہ کسی مسئلے پر بات نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے بلوچستان کے سیندک اور ریکوڈ ک کے وسائل کا استعمال تو کیا جارہا ہے مگر ملک کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ رہا اگر ان وسائل کو درست انداز میں بروئے کار لایا جائے تو ہماری معیشت بہتر ہوسکتی ہے۔مقررین نے کہا کہ عام انتخابات کے ساتھ ساتھ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات بھی آرہے ہیں کوئٹہ کو چار ٹاؤن اور 170یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے پارٹی کی تنظیم کو یونین کونسل کی سطح پر فعال کر کے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت اپنے آپ کو دیگر معاملات میں الجھانے کے بجائے انتخابات کروانے پر توجہ مرکوز رکھے۔انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کو انتخابات میں کامیاب بنانے کے لئے انتھک محنت کریں پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر عوام کے مسائل کو حل کریگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے