درخت لگانا انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے، شکیل قادر خان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ بھی،زیادہ سے زیادہ درخت لگانا زمینی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے انتہائی ضروری ہے اور ہم سب کو بڑھ چڑھ کر اس نیک عمل میں حصہ لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ لان میں مون سون شجر کاری مہم کے تحت پودا لگاتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکریٹری جنگلات نور احمد پرکانی، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بابر خان و دیگر بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا اور پاک کرناجہاں انسانوں کیلئے فائدہ مند ہے وہاں زیادہ بارشوں کا قدرتی ذریعہ بھی ہیاس لیے اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ عوام میں درختوں کی افادیت اور اہمیت سے متعلق شعور کو بیدار کیا جائے اور ان کو آنے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق خطرات سے آگاہ کیا جائے۔ اس وقت ملک جس حد تک ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات کا شکار ہے اس صورتحال میں شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینا ناگزیر ہے تاکہ جلد از جلد ان بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل پر قابو پالیا جاسکے۔