بٹگرام میں کامیاب ریسکیو آپریشن کرنے پر پاک افواج اور علاقے کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، چوہدری نعیم کریم
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے بٹگرام میں کامیاب ریسکیو آپریشن کرنے پر پاک افواج اور علاقے کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت آپریشن کے باعث 8قیمتی جانوں کو بچالیا گیا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ گزشتہ روز بٹگرام میں کیبل ٹوٹنے کے باعث چیئر لفٹ میں معصوم بچوں سمیت دیگر8افراد زمین سے کئی سو فٹ بلندی پرزندگی اور موت کی کشمکش میں لٹک رہے تھے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے بہادر جوانوں اورعلاقے کے عوام نے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے چیئرلفٹ میں پھنسے ہوئے طالب علموں اوردیگر افراد کو بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کیا جس میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مشکل ترین ریسکیو آپریشن تھا لیکن پاک فوج کے جوانوں نے علاقے کے عوام کے ساتھ ملکرکئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد طالب علموں اوردیگرافراد کو ریسکیو کرکے انکی جان بچائی جس پر ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے پاک فوج کے جوان اور علاقے کے عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن کرکے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لواہا منوایااور یہ ثابت کردیا کہ پاک فوج مصیبت کی گھڑی میں کبھی بھی اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہروقت انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔