بلوچستان سے ترقی پسند سوچ و فکر کو نکالنے کی سازش ہورہی ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
کراچی/کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان سے ترقی پسند سوچ و فکر کو نکالنے کی سازش ہورہی ہے سیاسی کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلوچستان کے سیاسی و فکر ساتھیوں نے جاگیرداریت اور قبائلیت کو کمزور کرنے میں بڑا کردار ادا کیا ہے ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے آرٹس کونسل میں عوامی حقوق کے زیر اہتمام جمہوریت کے مستقبل کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچ سیاسی کارکن نے ابھی تک کمپرومائز نہیں کیا ہے ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنے اور جمہوری اداروں کے مستحکم کرنے کی ضرورت ہے جب تک پارلیمنٹ بالادست اور آئین کی حکمرانی نہیں ہوگی تب تک مسائل و مشکلات میں کمی نہیں ہوگی۔ ملک میں مداخلت کے بغیر صاف و شفاف انتخابات جمہوریت کے استحکام کے لئے اہم ہے انہوں نے کہاکہ نزیر عباسی اور دیگر سیاسی قائدین نے عوام کی بالادستی جمہوریت کے استحکام اور انسانی حقوق کے حصول کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ کانفرنس سے تاج حیدر، محمد زبیر، اختر حسین ایڈوکیٹ، مظہر عباس، ڈاکٹر توسیف اور ڈاکٹر جبار خٹک نے بھی خطاب کیا۔