آئی جی بلوچستان صحافی اسرار چانڈیو کی رہائی اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرے، صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظوراحمد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سندھ میں کام کرنے والے کے ٹی این ٹی وی کے رپورٹر اسرار چانڈیو کی اوستہ محمد پولیس کے ہاتھوں گرفتاری اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے صحافی کے خلاف درج جھوٹا مقدمہ ختم کرکے اسے فوری رہا کیا جائے بی یو جے کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کے ٹی این ٹی وی کے رپورٹر کو بین الصوبائی سطح پر سمگلنگ اور پولیس کرپشن سے متعلق رپورٹنگ کی بنیاد انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بیان میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بجائے سمگلنگ اور کرپشن روکنے کے پولیس نے صحافی اسرار چانڈیو پر منشیات کا گنداخہ میں جھوٹی ایف آئی آر درج کرکے اس کو گرفتار کرلیا اور اس دوران خلاف قانون صحافی کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ جس کی ویڈیو بھی موجود ہے۔ بی یو جے قیادت نے صحافی اسرار چانڈیو کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے صحافی اسرار چانڈیو کو فوری رہا کیا جائے اور تحقیقات کرکے ذمہ داریوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔