خدشہ ہے کہ عمران خان کو اٹک جیل میں زہر نہ دے دیا جائے : بشریٰ بی بی کاسیکرٹری داخلہ پنجاب کو خط

اسلام آباد ( ڈیلی گرین گوادر ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہےکہ میرے شوہر پر 2 بار قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں جن کے ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوئے، میرے شوہر کی جان کو تاحال خطرہ ہے، خدشہ ہے کہ انہیں اٹک جیل میں زہر نہ دے دیا جائے اس لیے سابق وزیراعظم ہونے کے ناطے میرے شوہر کو گھر کے کھانے کی اجازت دی جائے ۔ خط میں کہا گیا ہےکہ میرے شوہر سابق وزیراعظم پاکستان ہیں، وہ آکسفورڈ کے گریجویٹ اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیں وہ جن عہدوں پر فائز رہے ہیں، اس حساب سے سہولیات اٹک جیل میں میسر نہیں ہیں، اٹک جیل میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں جو میرے شوہر کے عہدے کے مطابق ہوں۔ خط میں مزید کہا گیا ہےکہ، جیل قوانین کے مطابق 48 گھنٹے میں تمام سہولیات دینی تھیں جو 12 دن بعد بھی نہیں ملیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کے نام لکھے گئے خط میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ عدالت نے میرے شوہر کو اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقلی کی ہدایت کی تھی، بغیر کسی جواز کے میرے شوہر کو اٹک جیل میں قید کر رکھا ہے، قانون کے مطابق میرے شوہر کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے