بلوچستان کا اہم ترین مسائل ابتر طرز حکمرانی اور کرپشن ہیں، جعفر مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کا اہم ترین مسائل ابتر طرز حکمرانی اور کرپشن ہیں،گڈگورننس کے قیام اور کرپشن کو کم کئے بغیر صوبے کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، نگراں حکومت صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کی بنیاد رکھے،صوبے میں آنے والی حکومت مسلم لیگ(ن) کی ہوگی جو کرپشن میں کمی اور صوبے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کریگی۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے پارٹی اور علاقائی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ 5سال میں جس قدر کرپشن اور بیڈ گورننس کی گئی ہے اس کی مثال 75سالہ تاریخ میں نہیں ملتی کرپشن اور ابتر حکمرانی نے صوبے کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں آج عام آدمی کے مسائل حل کے بجائے ان میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جس سے صوبے کے عوام کا احساس محرومی اس حد تک بڑھ گیا ہے ہے کہ لوگ نظام سے مایوس ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ملک کے ساتھ لانا ہے تو یہاں کے لوگوں کا احساس محرومی اور مایوسی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے اہم ترین مسئلہ کرپشن میں کمی کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے اگر کرپشن کا خاتمہ نہ کیاگیا تو صوبے کو جتنے مرضی وسائل دئیے جائیں اس سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا آنے والی حکومت کے لئے بھی کرپشن کا خاتمہ اور اس میں کمی ایک اہم ترین ٹاسک ہے جس پر اسے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت بنائے گی ہماری حکومت صوبے میں کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس کے قیام کے لئے اقدامات اٹھائے گی ساتھ ہی صوبے کے سلگتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔