نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کی تقرری کا معاملہ ڈیڈ لاک کا شکار، وزیراعلیٰ کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم نہ ہوسکی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کی تقرری کا معاملہ ڈیڈ لاک کا شکار ہوگیا، وزیراعلیٰ کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم نہ ہوسکی، تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کی تقرر ی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا،گزشتہ روز اسمبلی کی تحلیل کے تین دن مکمل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیراعلیٰ کے لئے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوسکے تھے جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد ہوگیا ہے بدھ کو اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے چھ رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جانی تھی جس کے لئے وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے تین، تین نام اسپیکر کو بھجوا دیئے گئے ہیں تاہم کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔پارلیمانی کمیٹی کے قیام میں تاخیر کے معاملے پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور سیکرٹری اسمبلی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا تاہم ذرائع نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لئے کمیٹی ارکان کے جو نام اسپیکر کو بھیجے گئے ہیں ان میں وزیراعلیٰ کا نام خود بھی شامل ہے ساتھ وزیراعلیٰ کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے نام بھی تجویز نہیں کئے گئے ساتھ ہی اپوزیشن لیڈر کی جانب سے تین ارکان کے نام بھیجے گئے ہیں تاہم اپوزیشن کی دو جماعتوں نے اس نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے ہیں اگر چہ کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے طریقہ کار کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے لیکن قانونی و تیکنیکی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے ان وجوہات کی بناء پر وجہ سے بدھ کو کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکا۔