14اگست کا دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی ٗ میر جان محمد خان جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد خان جمالی نے یوم آزادی کے تقریب سے بلوچستان صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج آزادی کے دن آپ کے ساتھ شامل ہو کر انتہائی خوشی ہورہی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ یہاں آپ کو آزادی کے دنوں کی یاد دلانے کے لئے حاضر ہوا ہوں۔ جیسا کہ آپ سب کو اچھی طرح معلوم ہے کہ مورخہ 14 اگست 1947 کو ہمارے پیارے ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وجود عمل میں آیا تھا۔ آج کا دن ہمارے قائدین اور اسلاف کی بصیرت اور قربانیوں سے حاصل کی گئی آزادی کی تکریم کا دن ہے۔ آج کا دن ہمیں پاکستان کا مطلب کیا لا الا اللہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے۔ یہ پیغام دو قومی نظریے کی اساس اور برصغیر کے مسلمانوں کی منزل ہے۔ ہم 76 برس سے آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے۔ ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہوگی اور ہماری ترقی ہماری آئیندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہوگی۔ کسی بھی ملک کا یوم آزادی فخر اور شان کا لمحہ ہوتا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ عوام پاکستان اور افواج پاکستان ایک ساتھ اس ملک کے ترقی کے ضامن ہیں۔ اسپیکر اور شرکاء نے آخر میں پاکستان زندہ آباد اور بلوچستان پائندہ آباد کا نعرہ لگایا