مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوامی فلاح کے کام کرتی ہے، شیخ جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوامی فلاح کے کام کرتی ہے، قائد میاں نواز شریف نے وطن عزیز کو ہمیشہ ترقی و خوشحالی کا مرکز بنایا،یوم آزادی کو شایان شان منانا ہمارا قومی فریضہ ہے پاکستان کی آزادی کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں پاکستان میں بسنے والے اقلیتی مرد و خواتین زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے، کروڑوں روپے کے تعلیمی وظائف سمیت سرکاری نوکری کے کوٹے میں بھی اضافہ کیا گیا پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادی کا کلیدی کردار ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔یہ بات مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل، صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جمال شاہ کاکڑ،امبروز جان فرانسس،مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر جہانگیر خان خروٹی، حیدرخان اچکزئی،کرن حیدر،طارق گل اوردیگر نے سابق رکن صوبائی اسمبلی امبروز جان فرانسس کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی امبروز جان فرانسس نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل،جمال شاہ کاکڑاوردیگر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کیا شیخ جعفر خان مندوخیل اور جمال شاہ کاکڑ نے نئے شمولیت کرنے والوں کو پارٹی مفلر پہنائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)جب بھی اقتدار میں آئی پارٹی نے ہمیشہ بلا رنگ و نسل ملک کی خدمت کی مسلم لیگ(ن) کے دوراقتدارمیں ملک بھر میں بڑے بڑے میگا پروجیکٹ شروع کئے ہیں گوادر سی پورٹ منصوبہ بھی مسلم لیگ(ن)نے شروع کیا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد گوادر سی پورٹ منصوبے پر کام روک دیا گیا جس سے ملک کو نقصان اٹھانا پڑا لیکن مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے جب اقتدار سنبھالا تو انہوں نے گوادر سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد شروع کرایا گوادر سی پیک منصوبے مکمل ہونے سے ملک اور خاص کر بلوچستان میں ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور نوجوانوں کو روزگارکے مواقع میسرآئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں فعال اور منظم ہے بہت سی سیاسی اورقبائلی شخصیات پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطے میں ہیں اورانشاء اللہ وہ جلد پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) آنے والے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لیکر کامیابی حاصل کریگی اور اقتدار میں آکر ایک مرتبہ پھر عوام کی خدمت اورملک سے کرپشن اور بد انتظامی کے خاتمے کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے امبروز جان فرانسس کو اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔تقریب کے اختتام پرمسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل اور جمال شاہ کاکڑ نے جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے