سندھ پولیس کا تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کا فیصلہ

سندھ (ڈیلی گرین گوادر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جائے اور منشیات کو تعلیمی اداروں میں عام کرنے والے عناصر و گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ضلعی ایس ایس پیز، ڈی آئی جیز اور ایڈیشنل آئی جیز نے شرکت کی، اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سمیت منشیات، گٹکا اور ماوا کے خلاف پولیس کارکردگی اور تمام معاشرتی برائیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے منشیات ڈیلرز کی مرتب کردہ فہرست اور گٹکا ماوا پر فوری رپورٹنگ رسپانس پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ پہلے فیز میں ٹاسک فورس نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے جسے ناصرف عدالت اور حکومت سندھ بلکہ اور عوام نے بھی سراہا، باالخصوص اسپیشل برانچ نے منشیات، گٹکا،ماوا کے خلاف پروایکٹیو رپورٹنگ انتہائی خوش اسلوبی سے سر انجام دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری جانب سے اسپیشل برانچ اور ٹاسک فورس کو شاباش ہے، اس کے علاوہ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ ڈرگ ڈیلرز کے خلاف صوبائی سطح پر کریک ڈاؤن کو مرتب کردہ فہرست کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے اہم یونٹس ایس ایس پیز کے دفاتر اور پولیس اسٹیشنز ہیں، میں چاہتا ہوں کہ یہ باہم مل کر معاشرے سے جرائم اور منظم جرائم کا خاتمہ کروائیں۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو ہدایات دیں کہ تفتیشی امور پر مشتمل ایک پروفارمہ تیار کیا جائے جس میں ملزمان کی سزاؤں کا شرح تناسب اور اس حوالے سے انویسٹی گیٹرز افسران کی کارکردگی کا احاطہ کیا جائے تاکہ کیسز کی کامیاب تکمیل اور ملزمان کی سزاؤں کو پیش نظر رکھ کر آئی اوز کو ریوارڈز سے نوازا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تھانوں میں ایف آئی آرز کی فری رجسٹریشن کے اقدامات اور تھانوں سے رجوع کرنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ضلعوں کی سطح پر اردلی روم کا میکنزم ترتیب دیا جائے جس کے ماتحت پولیس افسران اور جوانوں کو درپیش مسائل و مشکلات کو ناصرف سنا جائے بلکہ ان کے ازالے کے لیے بھی تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو ہدایات دیں کہ جرائم کی تفتیش اور اس کے مختلف مراحل کی تکمیل میں سخت محنت کی ضرورت ہے،کرائم سین یونٹ کو ہر جائے وقوعہ پر طلب کیا جائے اور شواہد کو اکٹھا کرنے کے حوالے سے تمام تر ضروری امور کو بطریق احسن پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انہوں نے مذید کہا کہ کاسٹ آف انویسٹی فنڈز کے صاف اور شفاف استعمال سمیت آئی اوز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قرار واقعی اقدامات کیے جائیں۔

غلام نبی میمن نے یہ ہدایات بھی دیں کہ تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جائے اور منشیات کو تعلیمی اداروں میں عام کرنے والے عناصر اور گروہوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر نا صرف محکمانہ بلکہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے