انوارالحق کاکڑ کا انتخاب پاکستان کے لئے نیک شگون ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)نگراں وزیراعظم کے لئے انوارالحق کاکڑ کے نام پر سبکدوش ہونے والی حکومت اور اپوزیشن دونوں کا متفق ہونا احسن اقدام ہے۔ انوارالحق کاکڑ ایک شریف النفس انسان اور سیاست دان ہیں۔وہ اعلیٰ انتظامی امور میں مہارت رکھتے ہیں اور اندرونی و بیرونی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے انوار الحق کاکڑ کو نگراں وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ کا انتخاب پاکستان کے لئے نیک شگون ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات تک ملک کی باگ ڈور سنبھالنے اور مجوزہ انتخابات کرانے کے لئے انوارالحق کاکڑ اور ان کی ٹیم اپنا آئینی کردار ادا کرے گی اور وہ بطور نگراں وزیراعظم پاکستان اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ملک کسی بھی نئے بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس وقت ملک کو معاشی و انتظامی امور سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے اور بطور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ پر بھاری ذمہ داری ہوتی ہے کہ ان مسائل سے کیسے نمٹا جائے۔ انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں، اداروں اورتمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے انتظامی امور کو احسن طریقے سے چلانے میں انوارالحق کاکڑ کا ساتھ دیں تاکہ وہ تمام امور بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے کے سرانجام دے سکیں۔انہوں نے انوارالحق کاکڑ کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ملکی معاملات اور انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے ہمارا تعاون انوارالحق کاکڑ کے ساتھ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے