جمعیت انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریگی،مولانا عبد الواسع

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبد الواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام آئندہ عام انتخابات میں بلوچستان سے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی،کارکنوں کو بھی ہدایت جاری کردی ہیں، نگران وزیراعلی سمیت دیگر معلومات پر جمعیت علماء اسلام اپنا موقف دے گی۔انہوں نے سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی پارلیمان کا اختیار ہے اس میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بینچ فیصلہ کرے وہی ریویو سنے یہ اصول انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ بینچز کی تشکیل کے لئے فرد واحد کے اختیار نے عدل کو بارہا پامال کیاآج کے فیصلہ کا ریویو آئندہ پارلیمنٹ ہی میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کو پوراکیا ہے اور آئندہ بھی اقتدار ملا تو جمعیت علماء اسلام صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائے گی،بلوچستان کے مفادات پر کسی بھی صورت سودا بازی نہیں کریں گے، جمعیت علماء اسلام انتخابی مہم چلانے کے لئے ملک بھر میں جلسے اور ورکرز کنونشن منعقد کرینگے بلوچستان کے عوام نے جس طرح بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور ہمیں امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ملک کی بقاء ترقی اور خوشحالی کیلئے جمعیت علماء اسلام کے نامزد امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے بلوچستان کے وسائل پر کسی بھی کو بھی قبضہ نہیں ہونے دینگے اور جس طرح ماضی میں بلوچستان کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اسی طرح آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے