تربت، مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

تربت (ڈیلی گرین گوادر) تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے لینگویج سینٹر کا ٹیچر جاں بحق، قتل کی مبینہ وجہ توہین رسالت بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح ساڑھے 11بجے کے قریب ملک آباد قبرستان کے قریب نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے بولان لینگویج سینٹر تربت کے ٹیچر عبدالرؤف ولد برکت پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ لینگویج سینٹر کے دیگر ٹیچرز کے ہمراہ مقامی علماء کے جرگہ میں شرکت کیلئے مدرسہ اشاعت التوحید والسنہ ملک آباد جارہے تھے، بتایا جاتاہے کہ عبدالرؤف ولد برکت بولان لینگویج سینٹر میں ٹیچنگ کرتے تھے، 2اگست کی شام سے سوشل میڈیا پر مختلف واٹس ایپ گروپ میں یہ بات زیرگردش رہی کہ عبدالرؤف نے کلاس میں طلباء کے سامنے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ کلمات استعمال کئے ہیں جس پر طلباء نے پرنسپل کو اس سے آگاہ کیا، جمعرات کے روز یہ معاملات مقامی علماء کے سامنے پیش کیاگیا جس پر علماء کی ایک ٹیم نے جمعہ4، اگست کو بولان اسکول جاکر اسکول انتظامیہ اور متعلقہ ٹیچر سے ملاقات کی اور ان کے سامنے معاملہ رکھا، علماء کے مطابق دوران ملاقات عبدالرؤف سے اس معاملہ پر وضاحت طلب کیا گیا، جس پر عبدالرؤف نے اپنا وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ دیدہ دانستہ میں نے ناموس رسالت کی توہین نہیں کی ہے، اگر کچھ ہوا ہے تو میں معافی چاہتا ہوں، تاہم معاملہ پر اگلی نشست ہفتہ کے روز ملک آباد کے مدرسہ میں رکھاگیا اور طے شدہ پروگرام کے مطابق ہفتہ کے روز عبدالرؤف اپنے دیگر ساتھی ٹیچرز کے ہمراہ ملک آباد مدرسہ جارہے تھے کہ مدرسہ سے کچھ فاصلہ پر قبرستان کے قریب انہیں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اورفرار ہوگئے، وقوعہ کے فوری بعد پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر وقوعہ کا جائزہ لیا اور شواہد اکھٹے کئے، مقتول کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی جسے بعدازاں ورثاء کے حوالے کردیاگیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے