بھارت چاہے جتنے بھی مظالم ڈھا لے وہ کشمیریوں کو آزاد ی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کر سکتا، چوہدری نعیم کریم
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی سینئررہنماچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ بھارت چاہے جتنے بھی مظالم ڈھا لے وہ کشمیریوں کو آزاد ی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کر سکتا،کشمیر میں لوگوں کو محصور ہوئے 4سال گزرچکے ہیں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرکے کشمیری عوام کو ان کے حقوق دیئے جائیں ظلم کے خلاف پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مظالم کے خاتمے اور کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑی ہے۔یہ بات انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت اور کشمیر کی آبادی کے تناسب کو بدلنے کے غیر قانونی اور یکطرفہ عمل کو4 سال مکمل ہونے پر پاکستان بھر کے عوام سراپا احتجاج ہیں اور بھارت کے غیر قانونی عمل اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ5اگست 2019ء کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈال کر بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی اور وادی کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں مگر بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ ظلم و ستم کا کوئی بھی حربہ کشمیریوں کو ان کے منصفانہ قانونی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیے گئے خودارادیت کے جمہوری حق سے محروم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہونگے اور کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیراورپاکستان نظریاتی معاشرتی اور جغرافیائی اعتبار سے ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں پاکستان کے عوام نے ہر حال میں کشمیریوں کی مکمل حمایت کی ہے اور ہمیشہ کرتے رہیں گے،وہ دن دور نہیں جب اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے انشاآللہ۔