اوستہ محمد ، جعفرآباد انتظامیہ نے تمام قوانین، بنیادی انسانی حقوق کو پامال کرکے رکھ دیا ہے، ایڈووکیٹ راحب خان بلیدی
ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان بار کونسل کے سابق چیئرمین اور معروف قانوندان ایڈووکیٹ راحب خان بلیدی نے جھل مگسی میں کاشتکار امداد جوئیہ کے بہیمانہ قتل اور مظلوم خاندان پر پولیس تشدد پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھل مگسی، اوستہ محمد اور جعفرآباد انتظامیہ نے تمام قوانین، بنیادی انسانی حقوق کو پامال کرکے رکھ دیا ہے، دو روز گزر جانے کے باوجود قتل کا مقدمہ تک درج نہیں کیا گیا اور نا ہی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مظلوم خاندان کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کی اس سے اور کیا مثال مل سکتی ہے کہ انتظامیہ خود بااثر شخصیت کو پروٹیکشن فراہم کر رہی اور مظلوم انصاف کے لیے فریاد کر رہے ہیں انکی فریاد نہیں سن رہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان بار کونسل مظلوم خاندان کو مفت قانونی تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرنے کے ساتھ ہائی کورٹ بلوچستان اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جھل مگسی میں قتل کیے جانے والے غریب کاشتکار امداد جوئیہ کے قتل اور انکی بیٹیوں کے ساتھ انتظامیہ کے مظالم کا نوٹس لیا جائے۔