برسراقتدار اور اپوزیشن کے لوگ ملک و صوبے کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے، میر عبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ مرکز اور صوبوں میں نگراں سیٹ اپ ایماندار،مخلص، محب وطن،غیر جانبدار اور غیر سیاسی لوگوں پر مشتمل ہونا چاہیے جس کا مینڈیٹ صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد اور عوام کو انصاف کی فراہمی و خدمت ہو۔ مرکز اور صوبوں کی حکومتوں و اپوزیشن جماعتیں نگراں سیٹ اپ کیلئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئی کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ ماضی کے نگراں سیٹ اپ میں بعض ایسے لوگ آئے جنہوں نے عام انتخابات میں مداخلت کی اور اچھے، مخلص و محب وطن لوگوں کو آؤٹ کیا جس کا نقصان ملک و صوبے اور عوام کو ہوا اب ملک اور صوبے اس کے مزید متحمل نہیں ہوسکتے کیونکہ 2018ء کے انتخابات کے بعد جو لوگ آئے ان میں اکثریت نان کیڈر کے لوگوں کی تھی جنہوں نے اس ملک و صوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا لہذا میری مرکز اور صوبے میں اقتدار و اپوزیشن میں بیٹھے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ نگراں سیٹ اپ کیلئے ایسے لوگوں کا چناؤ کریں جو کہ ایماندار، محب وطن، غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہوں جن کا مینڈیٹ ملک اور صوبوں میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد،عوام کو انصاف کی فراہمی اور خدمت ہو اور وہ کسی کے دباؤ میں نہ آئیں انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ برسراقتدار اور اپوزیشن کے لوگ ملک و صوبے کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے اور ایسے لوگوں کو آگے لائیں گے جو کہ برابری کی بنیاد پر انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے جب تک حکومت میں ہیں اپنے فرائض انجام دیں گے انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ملک اور صوبوں میں جب بھی عام انتخابات ہوئے عوام ماضی کی غلطی کو نہیں دہرائیں گے اور ایسی قیادت کو اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کریں گے جو کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اٹھانے اور انکے اعتماد پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
٭٭٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے