پاکستان کو چین سے اپنی لازوال اور مضبوط دوستی پر فخر ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہر ی نے چین اور پاکستان کے پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین کی دوستی کی اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے چین کے نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کا یہ دورہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان کوچین سے اپنی لازوال اور مضبوط دوستی پر فخر ہے۔ پاک چین دوستی سدابہاراور منفرد ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔سی پیک منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا تعلقات کے حوالے سے ہمارے باہمی عزم کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا سفر دہائیوں پر محیط ہے اور اس کا دائرہ کار تمام شعبہ ہائے زندگی تک وسیع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔ آج سے 72 سال پہلے دونوں ممالک نے دوستی کے پودے کا جو بیج بویا تھا وہ گزشتہ سات دہائیوں کے بعد ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت،ہر مشکل وقت اور اہم موقعوں پر چین نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اسی طرح کا رویہ پاکستان نے بھی پیش کیا ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری نے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پچھلے دس سالوں میں سی پیک کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو ئی ہے جس پاکستان میں بیروزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس وقت پاکستان میں ہزاروں چینی باشندے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور پاکستانیوں کو انتظامی اور تکنیکی مہارت سے روشناس کرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خدمات سرانجام دینے والے چینی باشندوں کو دشمنوں نے مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں نشانہ بنایا تاکہ دونوں ممالک میں اختلافات پیدا ہو جائیں لیکن دونوں دوست ممالک کی حکومتوں اور عوام نے اپنی دوستی میں ذرہ برابر فرق نہیں آنے دیااور دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان میں موجود چینی شہریوں نے اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر اس دوستی کو سینچا ہے اور اپنے چینی بھائیوں کی لازوال قربانیاں پاکستانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی شاندار مثال ہے اور سی پیک منصوبے کے دس سال مکمل ہونے اور چینی نائب وزیراعظم کی پاکستان آمد ہمارے لئے انتہائی قابل ستائش بات ہے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے میں مثبت تبدیلیوں کا پیامبر ثابت ہوگا اور یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پاک چین دوستی سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی اور ہمالیہ سے اونچی ہے جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام مسئلہ کشمیر پر چین کے دو ٹوک موقف کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہوتی اور بزدل دشمن اکثر اس دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتا رہتا ہے لیکن ہمارے سیکیورٹی اداروں نے ہمیشہ ان شاطر اور بزدل دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی رہتی دنیا تک قائم رہے گی اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید مضبوطی آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے