پر امن سیاسی جلسے میں بے گناہ علماء اور حفاظ کرام کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے، سرداریعقوب خان ناصر
لورالائی (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی نائب صدر سابق وفاقی وزیر ریلوے سرداریعقوب خان ناصر نے باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے جلسے میں ہو نے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ پر امن سیاسی جلسے میں بے گناہ علماء اور حفاظ کرام کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے،دشمن عام الیکشن قریب اور چین کے نائب وزیر اعظم کے تین روزہ دورہ پاکستان کو ناکام بناکر سی پیک کو نقصان اور الیکشن کو ملتوی کرنا چاہتے ہیں، دشمن چین کو پاکستان سے ناراض کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن اسے ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا،پاکستان کو عدم استحکام کی ہر سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے انہوں نے کہا کہ دھماکہ ایک سوچی سمجھی تخریب کاری منصوبہ ہی ہو سکتا ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ ایسے تخریب کارانہ منصوبوں سے ملک دشمن عناصر عام عوام کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھنا چاہتے ہیں اور پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ شہیدوں کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے اور متاثرین کے خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے وفاقی حکومت نے واقعہ کی سخت مزمت اور نوٹس لے لیا ہے ہر صورت دہشت گردوں کو بے نقاب کرینگے حکومت تمام سیاسی لیڈرشپ کی حفاظت کو یقینی بنائے گی تاکہ ملک کے امن و ترقی میں کسی کو بھی رکاوٹ کا موقع نہ ملے۔