ملک کے امن وامان کی مجموعی صورتحال گھمبیر لیکن حکمرانوں کو کوئی فکر ہی نہیں،منیر احمدکاکڑ ایڈووکیٹ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان بار کونسل کے ممبر منیر احمدکاکڑ ایڈووکیٹ نے باجوڑ میں دھماکے اور صوبائی وزیر میراسد بلوچ کی رہائش گاہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک کے امن وامان کی مجموعی صورتحال گھمبیر لیکن حکمرانوں کو کوئی فکر ہی نہیں،استحکام اور امن وامان کی باتیں صرف میڈیا تک محدود حقیقی طورپر کچھ نظر نہیں آرہا،معاشی بدحالی اور بدامنی نے ملک کو کنگال کرکے کھنڈرات میں تبدیل کیاہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں منیراحمدکاکڑ ایڈووکیٹ نے گزشتہ صوبہ خیبرپشتونخوا کے علاقے باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکہ اور اس کے نتیجے میں 50سے زائد معصوم لوگوں کی ہلاکت اور گزشتہ دنوں پنجگور میں صوبائی وزیر میر اسد اللہ بلوچ کی رہائش گاہ پر بم پھینکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے مختلف حصوں میں امن وامان کی گھمبیر صورتحال دہشتگردی کانہ رکنے والا سلسلہ،کچے میں ڈاکوؤں کی جانب سے آئے روز معصوم لوگوں کو اٹھانے اور پھر پرتشدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے جیسے واقعات نے حکومتی وریاستی اداروں کی امن وامان کے قیام کے دعوؤں کی کھلی کھول دی ہے،انہوں نے کہاکہ ملکی گھمبیر صورتحال پر حکمرانوں کی خاموشی اور قیام امن کی باتیں صرف میڈیا تک محدود ہیں،پارلیمان کی حیثیت ختم کرنے جیسی قانون سازی سے فرصت ملے تو پھر شاید عوام اور ملکی صورتحال پر سوچ لیں۔