وزیراعلیٰ بلوچستان کو بنگلہ گفٹ کرنے کی خبر میں صداقت نہیں ہے، میر علی حسن زہری

حب (ڈیلی گرین گوادر) ترجمان شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری بلوچستان و ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے گزشتہ روز ایک یوٹیوب چینل پر چلنے والے تجزیے میں اس خبر کی تردید و شدید مذمت کی ہے کہ آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو کراچی میں ایک بنگلہ تحفے میں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ چینل کے پروگرام کی اس بات میں کوئی صداقت نہیں۔مذکورہ چینل کے پروگرام میں غیرتصدیق شدہ اور بے بنیاد باتیں کرنے اور غلط اور جھوٹ پر مبنی خبر پھیلانے پر پر بطور ترجمان بلوچستان شریک چیئرمین آصف علی زرداری یہ کہنے کا مجاز ہوں کہ پارٹی مذکورہ یوٹیوب چینل کے خلاف ہائی کورٹ میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کرکرے گی اور جلد اس پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ خبر نشر کرنے سے پہلے مذکورہ بنگلہ کے بارے میں ترجمان بلوچستان حکومت سے پوچھ لیا جاتا تو حقیقت سامنے آ جاتی کہ وہ کس کے نام پرہے اور اس کی کیا حقیقت ہے۔ اس طرح بغیر تحقیق کے بے بنیاد خبر نشر کر دینا صحافت کے اصولوں کے منافی ہے اور اس قسم کی بے بنیاد خبریں نشر کرنے والے چینلز کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس بنگلہ کی بات کی جارہی ہے وہ وزیراعلیٰ صاحب نے خود کرایہ پر لیا ہے اور اس کا کرایہ تین لاکھ رپے ماہانہ ہے۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے عبدالقدوس بزنجو کو پارٹی میں شامل ہونے کا کبھی نہیں کہا۔زرداری صاحب اور عبدالقدوس بزنجو کا آباؤ اجداد سے ایک خاندانی تعلق ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو آصف علی زرداری کے درمیان اسی تعلق کی بناء پر اکثر ملاقات ہوتی رہتی ہے۔اس کا یہ مطلب نہیں کہ انہیں پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لئے کہا جارہا ہے یا وہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ پارٹی میں شامل ہونا یا نہ ہونا سب کی اپنی مرضی پر منحصر ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور ہم صحافی برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی خبریں نشر کرنے والوں کی مذمت بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ یوٹیوب چینل کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبر نشر کرنے پر ہائی کورٹ میں ہرجانے کا کیس دائر کرکیا جائے گا۔انہوں نے صحافی برادری سے اپیل کی کہ ریٹنگ کے چکر میں جھوٹ پر مبنی اور غیر تصدیق شدہ خبریں شائع یا نشرکرنے سے گریز کریں اور کسی بھی خبر کو شائع یا نشر کرنے سے پہلے مکمل تصدیق کریں تاکہ کسی کی دل آزاری نہ ہواور چینلز یا اخبارات کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے