خضدار میں مصالحتی کمیٹی نے کیمپ قائم کردیا، اتوار کا پورا دن ملاقات، مذاکرات، گفت و شنید میں گزرا

خضدار(ڈیلی گرین گوادر)خضدار میں مصالحتی کمیٹی نے کیمپ قائم کردیا، اتوار کا پورا دن ملاقات، مذاکرات، گفت و شنید میں گزرا۔ نواب محمد اسلم رئیسانی نوابزادہ لشکری رئیسانی اور مصالحتی کمیٹی کے دیگر اراکین نے مصالحت اور وڈھ تنازعہ کے خاتمہ کے لئے مسلسل کوششوں میں لگے رہے۔ اس سے قبل آغا سلطان ابراہیم و ان کے رفقاء کی جانب سے وڈھ میں سردار اخترجان مینگل اور سردار اسد مینگل سے ملاقات کرکے ان کا موقف اور پیغام کو مصالحتی کمیٹی کے سامنے پیش کردیا اور اسی طرح شہزاد غلامانی مولانا میر محمد مینگل نے وڈھ باڈڑی میں میرشفیق الرحمان مینگل سے ملاقات کرکے ان کا موقف اور پیغام مصالحتی کمیٹی کو پہنچایا۔ خضدار بلدیہ ریسٹ ہاؤس میں نواب محمد اسلم رئیسانی نوابزادہ لشکری رئیسانی نوابزادہ میر رئیس رئیسانی کمشنر قلات ڈویژن داؤد خان خلجی ڈپٹی کمشنر خضدار کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد جب کہ فریقین کی جانب سے آغاسلطان ابراہیم احمد زئی وڈیرہ غلام سرور موسیانی میر شہزاد غلامانی مولانا میر محمد مینگل میر نوراحمد رئیسانی کی رئیسانی برادرز سے ملاقاتیں ہوئیں اور فریقین کے مدعا و موقف انہیں سنایا اور ان کے درمیان طویل ملاقات ہوئی۔ دریں اثناء وڈھ تنازعہ کے حل سے متعلق اہم بیان پیر کے روز جاری کیا جانے کا امکان ہے خیال یہ کیا جا رہا ہے کہ مصالحتی کمیٹی پیر کے روز فریقین کی جانب سے ملنے والے مثبت بھرا پیغام کو ذرائع ابلاغ کے سامنے لائیں گے تاثر یہی مل رہاہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے اور دونوں فریقیوں کو کسی حد تک راضی کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ نواب محمد اسلم رئیسانی نوابزادہ لشکری رئیسانی کی مسلسل کوششوں،خضدار کیمپ لگاکر ڈیرہ ڈالنے اور وڈھ تنازعہ کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں کے باعث وہ کافی حد تک کامیابی کی نھج تک پہنچ چکے ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہاہے کہ پیر کے روز مصالحتی وفد دوبارہ وڈھ جائیگا جس میں مورچے خالی کروانے اور یا طویل مدت کے لئے جنگ بندی کے خاتمے کی خوشخبری عوام کو دیں گے۔یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے منفی اور متنازعہ ومذاکرات ناکامی والے بیان کے تاثر کو رد کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے