شہادت امام حسین رضہ حق کی فتح ،ظالم کے خلاف ڈٹ جانے اور ایثار و قربانی کا استعارہ ہے ۔ دردانہ صدیقی

لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی ,ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید ،ڈاکٹر حمیراطارق ،صدر وسطی پنجاب ربعیہ طارق ،امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،صدر لاہور عظمی عمران نے محرم الحرام کے موقع پر اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ درحقیقت حق کی فتح ، ظالم کے خلاف ڈٹ جانے اور ایثار و قربانی کا استعارہ ہے۔یہ ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔ یہ دن ہمیں حق و باطل کے اس معرکہ کی یاد دلاتا ہے جو کربلا کے میدان میں پیش آیا۔ حق و باطل کی یہ لڑائی آج کے دور میں بھی جاری ہے۔حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنی لازوال قربانی سے یہ ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا ہے،ثابت قدمی اور استقامت کی یہی مثال ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کے پیغام پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے دنیا میں پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ امام عالی مقام نے ظالم و جابر حکمرانوں اور ان کی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا اور صداقت کی بالادستی کے لیے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں۔انہوں نے کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ ہم آپس میں الجھنے کے بجائے تفرقے کا سبب بننے والے عوامل کا قلعہ قمع کریں اور غلبہ اسلام اور اسلامی ، خوشحال پاکستان کے لیے زندہ قوم کے طور پر ظلم ،ناانصافی اور کرپشن کے خلاف آواز اٹھائیں۔ شہدائے کربلا کی یاد منانے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ ہم ملت واحدہ کے لئے طور پر خود کو پیش کریں اور اپنے معاشرے سے ظلم اور نا انصافی کا خاتمہ کریں، اسی میں ہماری بقا ہے اور یہی کربلا کا پیغام ہے#

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے