بلو چستان ہائی کورٹ نے محکمہ محنت و افرادی قوت کی جانب سے مشتہر کی گئی اسامیوں پر تعیناتی تا حکم ثانی روک دیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس گل حسن ترین پر مشتمل بینچ نے محکمہ محنت و افرادی قوت حکومت بلوچستان کی جانب سے مشتہر کی گئی اسامیوں پر حکم امتناعی جائے کرتے ہوئے محکمہ کو امیدواروں کی سلیکشن اور حتمی تعیناتی سے تا حکم ثانی روک دیا۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سی ایم اے نمبر 2023/2393 میں قبل از تاریخ پیشی مناسب عبوری حکم کی منظوری کے لیے فوری آئینی درخواست دائر کی گئی۔معزز عدالت کو درخواست گزاروں کے وکیل کی جانب سے استدلال دیا گیا کہ معزز عدالت کی جانب سے سی ایم اے نمبر 2393 /2023 میں مورخہ چار جولائی 2022 فوری توہین عدالت کی کاروائی میں محکمہ لیبر اینڈ مین پاور حکومت بلوچستان (جواب دہندہ نمبر چار)کو نئی اسامیوں پر ہر قسم کی بھرتیوں سے روکا گیا تھا لیکن اس حکم نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے محکمے نے پی آر کیو نمبر 4530/ 27 جون 2023 اور پی آر کیو نمبر 4531/ 27 جون 2023 کے تحت 11 مختلف پوزیشنوں کے لیے درخواستیں طلب کر لی اور درخواستیں جمع کرانے کی اخری تاریخ 17 جولائی 2023 مقرر کی جبکہ معاملات ابھی تک زیر التوا ہیں – فاضل وکیل نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی مدت 8 اگست 2023 کو مکمل ہو رہی ہے اور جلد بازی میں شروع کیا گیا یہ عمل سیاسی اثر و رسوخ سے پاک نہیں ہو سکتا- معزز عدالت نے سی ایم اے نمبر 2023/2393 میں جواب دہندگان اور ایڈوکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیا اور جواب دہندہ نمبر چار کو حکم نامے کی کاپی فوری تعمیل کے لیے بھجوانے کا بھی حکم دیا معزز عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 31 جولائی 2023 کی تاریخ مقرر کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے