مون سون بارشوں کے دوران بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیراختیار کی جائیں،کیسکو
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے حالیہ مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام صارفین کو بجلی کے حادثات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیاہے اور واضح کیاہے کہ اپنے پیاروں کی زندگی کو بجلی حادثات سے محفوظ بنانے کے لئے تمام ترتدابیر اختیار کی جائیں خاص طور پر بارش کے دوران بجلی حادثات سے بچاؤ کیلئے بجلی کے کھمبوں اور برقی تنصیبات کو چھونے سے اجتناب کریں نیز صارفین اپنے بچوں کو بھی حفاظتی اقدامات کی تاکید کریں تاکہ کوئی جان لیوا حادثہ رونما نہ ہوجائے کیونکہ بجلی کسی کالحاظ نہیں کرتی لہٰذا غیر ضروری خوداعتمادی سے پرہیز کریں۔ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور دیگر برقی تنصیبات کو چھونے سے گریز کیا جائے کیونکہ گیلے ہونے کی وجہ سے ان برقی آلات میں بسا اوقات برقی رو سرایت کرسکتی ہے اس لئے خود بھی اوراپنے بچوں کو بھی اس سے دور رکھیں۔ اسی طرح گھروں کے اندر بجلی کے تمام برقی آلات کو باقاعدہ طورپرارتھ کریں کپڑوں پراستری کرتے وقت پیروں تلے خشک قالین یالکٹری کاکوئی ٹکڑا ضروررکھیں اسی طرح بجلی کی ناقص گھریلو وائرینگ کی طرف خصوصی توجہ دیں اورننگی تاروں کوجلد ازجلد تبدیل کرلیں یا ان کو مناسب اورمحفوظ طریقے سے ٹیپ کروائیں۔ کیسکونے تمام صارفین زور دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ گیلے ہاتھوں، گیلے کپڑوں یاجوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے پنکھوں کے سوئچ تار اوردیگر برقی آلات کو ہر گزہاتھ مت لگائیں اوربجلی آلات کو بچوں کی رسائی سے دوررکھیں تاکہ وہ ان کو ہاتھ نہ لگاسکیں کیونکہ زراسی توجہ اوراحتیاط سے بہت سے حادثات سے بچاجاسکتاہے۔ پانی کی موٹروں، کپڑے دھونے کی مشین/سلائی مشین اور پنکھے وقتاً فوقتاًماہر الیکٹریشن سے چیک کراتے رہیں تاکہ وہ شارٹ نہ ہوں کیونکہ باقاعدہ استعمال سے یہ کئی دفعہ شارٹ ہوجاتیں ہیں جس سے ہروقت حادثہ رونما ہو سکتا ہے کپڑے دھونے اوراستری کرتے وقت اس بات کی یقین دہانی ضروری ہے کہ وہ شارٹ نہیں ہے۔ عام طورپر مشاہدہ ہے کہ بچے خاص طورپر ان برقی آلات کو پکڑنے اور چھونے کی کوشش کرتے ہیں جوکہ جان لیوا حادثے کا باعث بن جانتے ہیں اور زرا سی لا پر وائی کی وجہ سے قیمتی جان ضائع ہوجاتی ہے یا اس لا پر وائی کی وجہ سے کچھ لوگ مستقل معذور ہوجاتے ہیں جس کامداوا عمربھر نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا کیسکو اپنے تمام صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی قیمتی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیئے ہمیشہ احتیاط کریں۔