سبی میں موسلادھاربارش سے پنجرہ پل کے مقام پر ٹریفک معطل
سبی(ڈیلی گرین گوادر)سبی اور گرونواح میں موسلادھاربارش سے دریائے ناڑی لہڑی ندی اور تلی ندی میں نچلی درجے کا سیلابی ریلہ داخل ہو نے سے دریائے بولان پنجرہ پل کے مقام پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ سبی اور گرونواح میں موسلادھاربارش کا سلسلہ جا ری رہا جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیا نی کی وجہ سے بلوچستان کا ملک کے دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ٹریفک کو عارضی طور پر بحال کئے جانے کا امکان ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق سبی اور بولان کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ شب سے جاری بارشوں کے بعد دریائے ناڑی میں نچلے درجے کا سیلابی ریلہ داخل ہو گیا جس کے نتیجے میں پنجرہ پل کا علاقہ زیر آب آگیا ہے جس کی وجہ سے سیلابی ریلہ پنجرہ پل کے عارضی راستے کو بھی بہا کر لے گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے پنجرہ پل کے مقام پر ٹریفک معطل ہونے سے سندھ بلوچستان قومی شاہراہ کے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں جس سے مسافروں خصوصاً خواتین اور چھوٹے بچوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامناہے بولان لیویز کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے تک ٹریفک کو بحال کئے جانے کا امکان ہے۔