بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر گزشتہ سال تباہ ہونے والا پنجرہ پل تاحال تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں، نوابزادہ میر جمال رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر گزشتہ سال تباہ ہونے والا پنجرہ پل تاحال تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کے عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں، گزشتہ ایک سال سے پل کی تعمیر نہ ہونا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حکومت فوری طور پر پنجرہ پل کی تعمیر کا کام شروع کرے۔یہ با ت انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی،نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ کوئٹہ سبی شاہراہ صوبے کی اہم شاہراہ ہے جو نصیرآباد کو کوئٹہ، سبی، اور صوبے کو سندھ سے ملاتی ہے اس شاہراہ پر تجارت،مسافر، مریض سب سفر کرتے ہیں مگر گزشتہ سال سیلاب میں تباہ ہونے والے پنجرہ پل کی تعمیر کا کام تاحال شروع نہیں ہوسکا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران عارضی راستہ بنانے پر انعامات دئیے اور ہدایت کی تھی کہ شاہراہ کی تعمیر کی جائے مگر انکے احکامات پر بھی عملدآمدنہیں ہورہا۔میر جمال رئیسانی نے کہا کہ گزشتہ روز ایک ایمبولینس میں میت کو بھی پیدل لیکر جانا پڑا جبکہ پنجرہ پل پر راستہ بند ہونے سے سینکڑوں ٹرک اور گاڑیاں تاحال پھنسی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجرہ پل کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کر کے جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ صوبے کے عوام کو عذاب سے نجات دلوائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے