بلوچستان میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے عالمی ادارہ صحت کا ہمیشہ تعاون رہا ہے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے بلوچستان کی ایک سو سرکاری اسپتالوں کی سیلاب سے متاثرہ و پرانی عمارات کی تعمیر و مرمت کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جبکہ زچگی کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے 26 نئے لیبر روم قائم کئے جائیں گے اوستہ محمد میں ڈینٹل یونٹ قائم کردیا گیا ہے اس کے علاؤہ نصیر آباد اور جعفر آباد میں ادویات کو محفوظ مقامات پر رکھنے کے لئے ڈی ایچ او دفاتر میں نئے وئیر ہاؤس بھی تعمیر کئے جائیں گے، طبی خدمات کی فراہمی پر عالمی ادارہ صحت کے تعاون کو سراہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ڈبلیو ایچ او بلوچستان کے سربراہ ڈاکٹر اسفندیار شیرانی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی اور نصیر آباد ڈویڑن سمیت بلوچستان میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے صحت کی سہولیات میں بہتری کے لئے جاری و مجوزہ منصوبوں سے متعلق آگاہی دی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے عالمی ادارہ صحت کا ہمیشہ تعاون رہا ہے نصیر آباد ڈویڑن کے سیلاب سے متاثرہ پچاس سرکاری اسپتالوں سمیت مجموعی طور پر ایک سو بوسیدہ اور قابل مرمت عمارات کی تعمیر و تزئین اور نصیر آباد ڈویڑن میں بائیس اور قلعہ سیف اللہ میں دو لیبر روم کی تعمیر ایک قابل ستائش پیش رفت ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات کی خدمات میں بہتری آئے گی اور غریب لوگوں کو معیاری علاج معالجے کی سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر آسکیں گی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے صحت کے شعبے میں تعاون کے تسلسل اور تعاون پر عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ کی توجہ اور عمل درآمد کے موثر میکنزم پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں اور کوئٹہ کی ٹرشری کئیر اسپتالوں میں ایمرجنسی اور عمومی طبی سہولیات کی بہتری کیلئے ڈبلیو ایچ او کا تعاون اور تینیکی معاونت کا عمل جاری رہے گا۔