سویڈن کے ساتھ فوری طور پر سفارتی تعلقات منقطع کیا جائے، ملک سکند ر ایڈوکیٹ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام عظیم الشان حرمت قرآن ریلی اور احتجاجی مظاہرہ زیر قیادت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق منعقد ہوا، ملک بھر کی طرح جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے حکم پر کوئٹہ میں بھی سویڈن میں قرآن مجید کی مسلسل بے حرمتی کے خلاف عظیم الشان ریلی جو جناح روڈ سے روانہ ہوکر میزان چوک سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوئی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مفتی محمد روزی اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ حافظ مسعود احمد مولانا حفیظ اللہ مفتی محمد احمد اور دیگر نے کہا کہ سویڈن کے ساتھ فوری طور پر سفارتی تعلقات منقطع کیا جائے۔ اور حکومت پاکستان اس حوالے سے دیگر اسلامی ممالک کو اعتماد میں لے کر شعائر اللہ کی مسلسل توہین کرنے والوں کے خلاف اسلامی بلاک بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں شعائر اللہ اور قرآن مجید کی توہین سرکاری سرپرستی میں کی جاتی ہے، کائنات کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کرکے ثابت کررہے ہیں کہ دہشت گرد، تنگ نظر، اور دنیا کے امن کو خراب کرنے والے کون ہیں؟ جب سے دنیا معرضِ وجود میں آئی ہے آج تک کوئی ثابت نہیں کرسکتا کہ کسی مسلمان نے کسی بھی مذہب کی کتب کی توہین کی ہو،اس سلسلے میں امت مسلمہ کو یکجا ہونا پڑے گا۔قرآن مجید کی بے حرمتی سمیت مغرب میں نفرت پر مبنی جرائم کی تاریخ بتاتی ہے کہ مغرب کے سیاسی اور قانونی ادارے نہ صرف یہ کہ اس طرح کے مجرمانہ اقدامات کے خلاف نہیں ہیں بلکہ انتہا پسندوں کو سزا نہ دے کر اس کے تسلسل کی حمایت کرتے ہیں جبکہ یہ ایک ایسا عمل ہے جس کی پہلی خصوصیت اسلام کے خلاف مغرب کا تہذیبی زوال ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے مغربی ممالک کی جانب قرآن مجید کی مسلسل توہین کا ذکر کرتے ہوئے کہا حالیہ صدی میں قرآن کی بے حرمتی کی سب زیادہ واقعات صرف مغرب میں ہوئے ہیں،اس تاریخی مشاہدے سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی میں مغربی ممالک کی حکومتوں کی سرپرستی رہی ہے،انہوں نے کہا کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم سے لے کر امریکہ فرانس، جرمنی، برطانیہ ڈنمارک،سمیت بہت سے ممالک نے توہین کی ہے انہوں نے کہا 2005میں گوانتانامو بے، کیوبا میں امریکی تفتیش کاروں کے ہاتھوں مسلمان قیدیوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی مگر عالمی سطح پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے