بھارت میں لینڈسلائیڈنگ سے 27 لاشیں برآمد، کئی افراد اب بھی لاپتہ
مہاراشٹر: مغربی ہندوستان کے ایک گاؤں ارشل وادی میں لینڈ سلائیڈنگ کے چار روز بعد بھی سینکڑوں امدادی کارکن ملبے تلے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب تک 27 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے تقریباً 80 کلومیٹر دور رائے گڑھ ضلع کے ارشل واڈی گاؤں میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے سے کئی افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور متعدد اب بھی لاپتہ ہیں۔
مرنے والوں میں چار بچے شامل ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد 70 سے زائد ہوسکتی ہے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ گاؤں کے 48 میں سے کم از کم 17 مکانات مکمل یا جزوی طور پر ملبے تلے دب گئے ہیں۔ امدادی اہلکار یوگیش مہاسے نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے اب تک 27 لاشوں کی گنتی کی ہے اور تقریباً 50 سے 60 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ اہلکار نے جائے وقوعہ پر بچاؤ کے کام میں درپیش کئی چیلنجز کا بھی ذکر کیا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے پرمود کمار سنگھ کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی رکاوٹ اس وقت بھاری مشینری اور دیگر سامان جائے وقوعہ پر پہنچانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سب کچھ ہاتھوں سے کیا جا رہا ہے۔ ریسکیورز زیادہ تر راڈ اور بیلچوں کا استعمال کر رہے ہیں۔