بھارت؛ مٹی کا تودہ گرنے سے گاؤں ملیامیٹ؛ 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد لاپتا ہوگئے
نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں مسلسل بارشوں کے بعد پہاڑی علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد لاپتا ہوگئے۔ ریاست مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں مٹی کا ایک بڑا تودہ گاؤں ارشل واڑی پر گر گیا۔ مکانوں کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے۔
یہ گاؤں دور افتادہ، پہاڑی اور جنگلات میں ہے جس کے باعث ریسکیو کے کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ایک اندازے کے مطابق گاؤں میں 225 افراد رہتے تھے۔ریسکیو کے کاموں کے دوران ملبے سے 10 لاشیں برآمد ہوئیں جب کہ 75 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا اب بھی 100 سے زائد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے تاہم درست تعداد کا اندازہ نہیں۔
یاد رہے کہ دو سال قبل بھی اس علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک گاؤں ملیا میٹ ہوگیا تھا اور اس میں 80 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔بھارت میں ہونے والی بارشوں نے ریاست مہاراشٹرا میں بڑی تباہی مچائی ہے۔ دہلی میں سیلابی ریلا وزیراعلیٰ ہاؤس، پارلیمان اور تاج محل تک پہنچ گیا۔ ممبئی میں اسکول بند اور ریلوے کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے موسم میں یکم جون سے اب تک بھارت میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور حادثات میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔