ایکنک نے 446 ارب روپے کی لاگت کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے سے چند روز قبل اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 446 ارب روپے کے متعدد منصوبوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں ٹیوب ویلز سولرائزیشن کے لیے مزید 377 ارب روپے کے نظر ثانی منصوبے کی منظوری دے دی۔وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیرا عظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیرا عظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا نے اجلاس میں شرکت کی۔

ایکنک اجلاس میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی منظوری دی گئی جو اعلی تعلیمی کمیشن کے تحت 16 ارب 80کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔اجلاس میں پاکستان کے محکمہ موسمیات کی ہائیڈرومیٹ سروسز کی جدت کے لیے 14ارب 49کروڑ روپے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ایکنک نے سندھ کے ضلعوں جامشورو اور ٹھٹہ میں 39ارب 94کروڑ روپے کے ایک منصوبے کی منظوری دی جس کے تحت کلری بگھار فیڈر اور کینھجر جھیل سے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کے فور منصوبے کی تکمیل شامل ہے۔

اجلاس میں 17ارب 78کروڑ روپے کی لاگت سے لاہور رنگ روڈ جنوبی لوپ کی منظوری دی گئی جو رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک تعمیر کیا جائے گا۔ایکنک نے پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے وزیراعظم کے قومی پروگرام کی بھی منظوری دی اور چھوٹے ڈیموں، تالابوں، دریائوں، ندی نالوں پر موجودہ پمپنگ نظام کی شمولیت کی بھی اجازت دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے