سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل

راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ڈسڑکٹ جیل لاہور سے منتقل کرکے سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں نظر بند کر دیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کو لاہور پولیس کڑی سیکیورٹی میں ڈسڑکٹ جیل لاہور سے لیکر بدھ کی صبع سینڑل جیل اڈیالہ راولپنڈی پہنچی جہاں پولیس نے چوہدری پرویزالہٰی کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں نظر بند کرنے کے ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری 3 ایم پی او کے تحت احکامات بھی جیل انتظامیہ کے حوالے کیے۔

سینٹرل جیل اڈیالہ پہنچائے جانے پر جیل کے میڈیکل آفیسر نے چوہدری پرویز الہٰی کا میڈیکل چیک اَپ کیا اور میڈیکل کے بعد چوہدری پرویزالہٰی کی سیکیورٹی بھی یقینی بناتے ہوئے انھیں ہائی سیکیورٹی بیرک میں منتقل کر دیا۔یاد رہے کہ ڈی سی لاہور نے لاہور پولیس کی سفارش پر 16 جولائی کو 3 ایم پی او کے تحت 30 دن کی نظر بندی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور سے سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی انتطامیی بنیادوں پر منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کی کیمپ جیل سے منتقلی اور نظر بندی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پرویز الہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہٰی نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں نگراں حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف دیا ہے کہ پرویز الہٰی کو تمام مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد نظر بند کر دیا گیا، پنجاب حکومت کو نظر بندی کے حوالے سے درخواست دی لیکن پنجاب حکومت نے تاحال پرویز الہٰی کی نظر بندی کی درخواست کا فیصلہ نہیں کیا۔ نامعلوم افراد نے پرویز الہٰی کو کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ پرویز الہٰی کو بازیاب کروا کر عدالت پیش کیا جائے اور انکی نظر بندی کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے جبکہ پرویز الہٰی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے